اہم شاہراہیں

موٹروے
ملک پاکستان کی مشہور شاہراہ موٹر وے ضلع چکوال کے تقریبا درمیان سے شمالا جنوبا گزر رہی ہے چکوال کے اندر ٹوٹل 68 کلو میٹر موٹروے ہے۔ ضلع چکوال میں موٹروے کے 3 انٹر چینجز ہیں
جن کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
اسلام آباد سے آتے ہوئے :۔

۔1۔     نیلہ انٹر چینج
۔2۔     بلکسر انٹر چینج
۔3۔     کلر کہار انٹر چینج
  چکوال تا میانوالی:۔ یہ شاہراہ ضلع کی اہم ترین شاہراہ ہے۔ یہ چکوال شہر میں تحصیل چوک سے شروع ہوتی ہے اور براستہ تلہ گنگ، میانوالی شہر تک جاتی ہے۔ اسی شاہراہ پر بلکسر کے مقام پر موٹروے انٹر چینج بھی ہے۔ یہ ضلع کی مصروف شاہراہ ہے ۔ اسلام آباد ، راولپنڈی سے جنوبی پنجاب ، صوبہ سندھ اور بلوچستان کی طرف جانی والی زیادہ تر ٹریفک بلکسر سے میانوالی تک اسی شاہراہ کو استعمال کرتی ہے ۔ تاہم یہ  شاہراہ ابھی تک سنگل شاہراہ ہے اس شاہراہ کو ڈبل کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔

 چکوال تا راولپنڈی:۔ یہ شاہراہ بھی ضلع کی اہم اور مصروف ترین شاہراہ ہے ۔ یہ چکوال شہر سے براستہ ڈھڈیال ، جاتلی ، مندرہ تک جاتی ہے ۔اور مندرہ سے یہ جی ٹی روڈ سے منسلک ہوتی ہے۔ چکوال شہر اور چوآ سیدن شاہ تحصیل سے راولپنڈی ، اسلام آباد جانے والی ٹریفک اسی شاہراہ کو استعمال کرتی ہے ۔

چکوال تا خوشاب :۔ یہ شاہراہ چکوال شہر سے شروع ہو کر براستہ ، بھون ، کلر کہار ، میانی ، منارہ ، پیل ، پدھراڑ سے ہوتی ہوئی خوشاب تک جاتی ہے ۔ چکوال ، کلرکہار اور چوآ سیدن شاہ سے خوشاب اور سرگودھا جانے والی زیادہ تر ٹریفک اسی شاہراہ کو استعمال کرتی ہے ۔ اس شاہراہ کو بھون روڈ ، خوشاب روڈ ، سرگودھا روڈ ، اور کلرکہار روڈ بھی کہتے ہیں ۔
تلہ گنگ تا خوشاب :۔ یہ شاہراہ تلہ گنگ شہر سے شروع ہوتی ہے اور براستہ جھاٹلہ ، چینجی ، جابہ ، خوشاب تک جاتی ہے۔

تلہ گنگ کلرکہار روڈ:۔ یہ شاہراہ تلہ گنگ سے براستہ بھرپور کلرکہار تک جاتی ہے ۔ کلر کہار اور چوآ سیدن شاہ کی سیمنٹ فیکٹریوں ڈی جی سیمنٹ ، پاکستان سیمنٹ اور بیسٹ وے سیمنٹ سے تلہ گنگ ، میانوالی ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان اور خیبر پختون خواہ سیمنٹ پہچانے والی ہیوی ٹریفک اسی شاہراہ کو استعمال کرتی ہے۔

تلہ گنگ ، ٹمن ، انجرا روڈ :۔ یہ سڑک تلہ گنگ شہر کے مغرب میں اکوال سے شروع ہوکر براستہ سنگوالہ،بڈھیال ، ٹمن ، ملتان ، شاہ محمدی انجرا ، چھب جنڈ تک جاتی ہے ۔

تلہ گنگ فتح جنگ پنڈی گھیب روڈ :۔ یہ سڑک تلہ گنگ سے براستہ ڈھوک پٹھان ، ڈھلیاں چوک، کھوڑ فتح جنگ تک جب کہ اس آگے راولپنڈی اسلام آباد کی طرف نکل جاتی ہے ، جبکہ دوسری طرف ڈھلیاں چوک سے پنڈی گھیب ، جنڈ اور اٹک تک جاتی ہے جبکہ تلہ گنگ سے کوہاٹ ، کرک، پشاور ، صوابی اور اٹک تک جانے والی ٹریفک اس روڈ کو استعمال میں لاتی ہے ۔ یہ بھی ضلع کی مصروف ترین شاہراہ ہے ۔

کلر کہار  چوآ سیدن شاہ روڈ:۔ یہ بھی اہم شاہراہ ہے کلر کہار سے شروع ہوکر براستہ خیرپور ، چوآ سیدن شاہ تک جاتی ہے ۔ اس کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ ملک پاکستان کی سب سے بڑی سیمنٹ فیکٹری ڈی ، جی سیمنٹ اور دوسری دو سیمنٹ  فیکٹریاں (پاکستان سیمنٹ، بیسٹ وے سیمنٹ) اسی شاہراہ پر واقع ہیں ۔ 

چکوال  چوآسیدن شاہ روڈ :۔ یہ شاہراہ چکوال شہر چوآ چوک سے شروع ہوکر براستہ بھلہ ، کریالہ ، سرائیں چوآ سیدن شاہ تک جاتی ہے ۔ اس شاہراہ پر چوآ چوک کے قریب ایک بہترین ہاؤسنگ سوسائٹی ایگز یکٹو ٹاؤن کے نام سے ہے۔

چکوال تا جہلم :۔ یہ شاہراہ بھی ضلع کی اہم ترین شاہراہ ہے ۔ چکوال کے ضلع بننے سے پہلے یہ چکوال سے ضلع جہلم تک جانے والی واحد شاہراہ تھی ، اور ضلعی ہیڈ کوارٹر جہلم تک جانے کے لیے تحصیل چکوال کی ساری آبادی اسی شاہراہ کو استعمال میں لاتی تھی ، یہ چکوال شہر سے براستہ سہگل آباد ، خانپور، ملہال مغلاں ، سوہاوہ تک جاتی ہے اور وہاں سے جی ٹی روڈ سے منسلک ہوجاتی ہے ۔ تاہم چکوال کے ضلع بن جانے کے بعد اس شاہراہ پر ٹریفک کا بوجھ نہ ہونے کے برابر ہے ۔
چوآ سیدن شاہ تا پنڈ دادنخان :۔ یہ شاہراہ چوآ سیدن شاہ سے براستہ ڈنڈوت ، کھیوڑہ ، پنڈ دادنخان تک جاتی ہے ۔ اس شاہراہ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی نمک کی کان اسی شاہراہ پر واقع ہے